28 جنوری 2015 - 14:26
عراق: اروائی ڈیم پر داعش کا حملہ ناکام

عراقی فوج نے، صوبۂ دیالہ میں اروائی نامی بڑے ڈیم پر داعش کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد، منگل کو رات دیر گئے اروائی ڈیم کو دھماکے سےاڑانے کا ارادہ رکھتے تھے تاہم عراقی فوج نے عوامی رضا کار فورس کی مدد  سے سات دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کی اس کوشش کو ناکام بنادیا۔ صوبۂ دیالہ میں جغرافیائی اعتبار سے اروائی ڈیم کی اہمیت کے پیش نظر گذشتہ دنوں میں بھی داعش کے عناصر اس پر حملے کرتے رہے ہيں۔ دوسری جانب عراق کی وزارت انسانی حقوق کے ترجمان کامل امین نے کہا کہ عراق کے بے گناہ عوام کے خلاف داعش جرائم سے متعلق دستاویزات جمع کی جارہی ہيں جنہیں مکمل ہونے کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو پیش کردیا جائے گا- کامل نے مزید کہا کہ اب تک ایسے افراد سے،جو اسپائکر فضا‏ئي بیس اور بادوش جیل سے فرار کرکے اپنی جان بچا کر نکل آئے ہيں،بہت زيادہ ثبوت و شواہد حاصل کئے جاچکے ہیں۔ عراق کی وزارت انسانی حقوق نے بھی صوبۂ نینوا، صلاح الدین اور الانبار ميں داعش کے جرائم سے متعلق دستاویزات اور ثبوت و شواہد اکٹھا کرکے انہيں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی اور سلامتی کونسل میں پیش کیا ہے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔

/169